ابنا: مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سبیل حسن مظاہری نے کہا ہے کہ دشمن ہمیں امام علی (ع) کا شیعہ ہونے کے جرم میں قتل کر رہا ہے، پشاور میں جاری ٹارگٹ کلنگ پر قابو پانے کیلئے یہاں کے تشیع کو متحد ہونا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وحدت ہاوس پشاور میں تنظیمی کارکنوں کیساتھ ایک تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین تشیع میں بیداری اور وحدت کیلئے کوشاں ہے، اور اس حوالے سے روز بروز کامیابیاں مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ہمیں امام علی (ع) کا شیعہ ہونے کے جرم میں قتل کر رہا ہے، اس کو اس سے کوئی سروکار نہیں کہ قتل ہونے والا کسی تنظیم، انجمن یا ماتمی سنگت سے تعلق رکھتا ہے، بلکہ وہ صرف ہمیں لبیک یاحسین (ع) کا نعرہ لگانے کے جرم میں ہماری قتل و غارت گری کر رہا ہے۔ لہذا ہم ان وابستگیوں سے بالاتر ہوکر صرف وحدت اور بیداری کے ذریعے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنا سکتے ہیں۔
علامہ سبیل حسن مظاہری نے نوجوانوں سے مخاطب ہوئے کہا کہ ملت کے جوان ہمارا سرمایہ ہیں، جوانوں کے کندھوں پر بہت اہم ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ لہذا وہ بیدار رہیں۔ پشاور کے حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پشاور کے تشیع ٹارگٹ کلنگ کے آئے روز پیش آنے والے واقعات سے پریشان ہیں۔ تاہم دشمن جان لے کہ وہ شہادتوں سے ہمیں ڈرا نہیں سکتا، ہمارے جوانوں کے حوصلے ان شہادتوں سے بلند ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ پر قابو پانے کیلئے پشاور کے مومنین منظم اور ایک دوسرے کیساتھ رابطے میں رہیں۔ اس قتل و غارت گری پر اتحاد و وحدت سے ہی قابو پایا جاسکتا ہے۔
.....
/169